جولٹا نیوز    

خبر سب سے پہلے  

JoltaNews Logo

غیرت کے نام پر قتل، شرمین عبید چنائے کی ڈاکو مینٹری آسکر ایوارڈز میں نامزد

غیرت کے نام پر قتل، شرمین عبید چنائے کی ڈاکو مینٹری آسکر ایوارڈز میں نامزد

اسلام آباد:پاکستانی فلمساز شرمین عبید چنائے کی غیرت کے نام پر قتل کے حوالے سے بنائی گئی ڈاکو مینٹری کو آسکر ایوارڈ کے لیے نامزد کر لیا گیا، وزیراعظم نواز شریف نے انہیں مبارکباد دیتے ہوئے ملک سے غیرت کے نام پر قتل جیسی 'برائی' کے خاتمے کے عزم کا اظہار کیا ہے.

شرمین عبید چنائے کی ڈاکو مینٹری ' اے گرل ان دی ریور: دی پرائس آف فورگیونس' کو 88 ویں آسکر ایوارڈز کی 'بیسٹ شارٹ ڈاکو مینٹری' کی کیٹیگری کے لیے نامزد کیا گیا ہے.

وزیراعظم ہاؤس سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ 'غیرت کے نام پر قتل جیسی لعنت نے پاکستانی معاشرے کے بہت سے حصوں کو متاثر کیا ہے.'

بیان کے مطابق وزیراعظم نے 'اس برائی کے خاتمے کے لیے مناسب قانون سازی کرنے کے عزم' کا اظہار کیا.

چنائے نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں وزیراعظم کی جانب سے سراہے جانے پر خوشی کا اظہار کیا۔

انھوں نے مزید لکھا کہ ان کا اگلا قدم اس بات پر زور دینا ہے کہ تمام سیاست دانوں کا ایک مشترکہ اجلاس بلایا جائے تاکہ غیرت کے نام پر قتل کے خلاف بل پاس کیا جاسکے۔

'اے گرل ان دی ریور' شرمین عبید چنائے فلمز اور ہوم باکس آفس (ایچ بی او) کی مشترکہ پروڈکشن ہے، جس میں ایک 18 سالہ لڑکی کی زندگی کا احوال بیان کیا گیا جو عزت کے نام پر قتل کی کوشش میں بچ جاتی ہے۔

شرمین عبید چنائے نے 2012 میں ملک کے لیے پہلا آسکر ایوارڈ اپنی 40 منٹ کی ڈاکیومیٹری 'سیونگ فیس' کی وجہ سے جیتا تھا، جو تیزاب کے حملوں کا شکار خواتین کے مسائل کے حوالے سے بنائی گئی تھی۔

چنائے نے آسکر کے ساتھ ساتھ اپنی ایک ڈاکو مینٹری 'چلڈرن آف طالبان' کے لیے ایمی ایوارڈ جیتنے کا اعزاز بھی حاصل کررکھا ہے۔

loading...