غیرت کے نام پر قتل،زنا کے قوانین سے خواتین کو حوصلہ ملے گا: زرداری پوسٹ باۓ: Sami Uddinتاریخ: 10/08/2016 - 17:14موضوع: اہم خبریں, پاکستان غیرت کے نام پر قتل،زنا کے قوانین سے خواتین کو حوصلہ ملے گا: زرداری اسلام آباد (24 نیوز): سابق صدر آصف علی زرداری نے پارلیمنٹ کی جانب سے متفقہ طور پر غیرت کے نام پر قتل اور انسداد زنا بالجبر قوانین منظور کرنے کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ان قوانین سے غیرت کے نام پر قتل اور زنا بالجبر کے ملزم کو عدالتوں سے آسانی سے رہا ہو جانے کے راستے بند ہوگئے ہیں ان نئے قوانین سے خواتین کو نیا حوصلہ ملے گا۔ پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر اور سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری نے پارلیمنٹ کی جانب سے متفقہ طور پر غیرت کے نام پر قتل اور انسداد زنا بالجبر قوانین منظور کرنے کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے غیرت کے نام پر قتل کے مجرم کو معاف کر دینے اور زنا بالجبر کے ملزم کو عدالتوں سے آسانی سے چھوڑ جانے کے راستے بند ہوگئے ہیں۔ آصف زرداری نے کہا کہ پارلیمنٹ نے قانون کا یہ سقم دور کردیا کہ غیرت کے نام پر قتل کرنے والے کو اس کے رشتے دار معاف کر دیتے تھے لیکن اب اسے کم از کم 25 سال سلاخوں کے پیچھے گزارنے پڑیں گے اور پارلیمنٹ نے یہ بات ثابت کر دی ہے کہ غیرت کے نام پر ارادہ کرکے قتل کرنے والا مذہب کے پیچھے نہیں چھپ سکتا۔ سابق صدر نے کہا کہ ڈی این اے ٹیسٹ بھی ضروری قرار دے کر پارلیمنٹ نے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کا راستہ کھول دیا ہے اب زنا بالجبر کی سزا سے کوئی زانی بچ نہیں سکتا۔ قانون سازی کرنا پارلیمنٹ کا کام ہے اور کوئی آئیڈیالوجی یا مذہب خواتین کے استحصال سے حفاظت کے راستے میں نہیں آسکتا اور یہ سیاسی بیانیہ اب آنے والے وقتوں میں ایک رہنما اصول ہونا چاہیے۔ آصف زرداری نے کہا کہ 7 اکتوبر بروز جمعہ کو یاد رکھا جائے گا کیونکہ اس روز پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں یہ دونوں بل منظور ہوئے تاہم ان قوانین پر ان کی روح کے مطابق اب عمل کیا جائے کیونکہ قانون عملدرآمد ہی سے اچھا ہوتا ہے۔ سابق صدر نے پارلیمنٹ کی تمام سیاسی پارٹیوں کے تمام اراکین اور حکومت کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے لئے خوشی منانے کا موقع اس لئے بھی زیادہ ہے کہ یہ دونوں بل پاکستان پیپلزپارٹی کے قانون سازوں نے تیار کئے اور انہیں پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں پیش کیا۔ آصف علی زرداری نے اس امید کا اظہار کیا کہ ان نئے قوانین سے خواتین کو نیا حوصلہ ملے گا اور وہ اپنے حق کی خاطر کھڑی ہو سکیں گی اور قومی اور سماجی ترقی میں زیادہ بھرپور کردار ادا کر سکیں گی۔ ٹیگز: Honour killinglawsrapewomenZardariخواتینزرداریزناغیرت کے نام پر قتلقوانین